
لاہور: عدالت نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں نامزد 13 خواتین کا 2 ہفتوں کا جوڈیشل ریمانڈ منظور کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پولیس نے حملے کے الزام میں 13 خواتین کا جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر انسدادِ دہشت گردی عدالت میں پیش کیا۔ تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ شناخت پریڈ میں تمام خواتین کی شناخت کا عمل مکمل ہوگیا ہے.تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ جناح ہاؤس سے چرایا گیا سامان، پیٹرول بم اور دیگر سامان برآمد نہیں ہوا۔ پولیس نے استدعا کی کہ عدالت ملزمان کا مزید جسمانی ریمانڈ دے تاہم معزز جج نے درخواست مسترد کردی۔
قبل ازیں جناح ہاؤس حملہ کیس میں متعدد شدت پسندوں کی شناخت ہوچکی ہے۔ ملزمان نے اعترافی بیانات جاری کرتے ہوئے پی ٹی آئی کو موردِ الزام ٹھہرایا ہے۔ آج انسدادِ دہشت گردی عدالت نے 13 خواتین کا 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ منظور کر لیا۔ملزمان نے جناح ہاؤس میں توڑ پھوڑ، اداروں کے خلاف نعرے بازی اور قائدِ اعظم محمد علی جناح کی عطیہ کردہ اشیاء کونقصان پہنچایا۔ جناح ہاؤس حملہ کیس کے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کیے جاچکے ہیں۔ملزمان کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہیں جن میں گرفتار ملزمان کو جناح ہاؤس میں توڑ پھوڑ کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ متعدد رہنماؤں نے جناح ہاؤس حملہ کیس سامنے آنے کے بعد تحریکِ انصاف کے ساتھ ساتھ سیاست بھی چھوڑنے کا اعلان کردیا۔