7روزہ پیرس انٹرنیشنل ائر شو 2023 کی تیاریاں عروج پر
پیرس( صاحبزادہ عتیق الر حمن سے )پیرس ائر شو 19 جون سے شروع ہوکر 25 جون تک جاری رہے گا۔ ہر 2سال بعد ہونے والا پیرس ائر شو2019 کے بعد اس سال ہورہا ہے کیونکہ 2021 ءمیں کرونا وبا کی وجہ سے ائر شو کینسل کردیا گیا تھا۔ پیرس ایئر شو کے 54ویں ایڈیشن کے دوران JF-17 تھنڈر کے ممکنہ خریداروں سمیت دیکھنے والوں کیلئے مایوس کن خبر ۔پاکستان ائر فورس کا وفد اس بار پیرس ائر شو میں شرکت نہیں کرے گا۔ ائر شو میں دنیا بھر سے طیارہ ساز کمپنیاں شرکت کریں گی۔ ائر شو 7 دن جاری رہے گا ۔جہاں 19 سے 22 جون تک پہلے 4 دن پروفیشنلز ، ماہرین ، ٹیکنیشنز ، پائلٹس اور تاجروں کیلئے انٹری ہوگی اور آخری 3 دن اوپن انٹری ہوگی اور ان 3 دنوں میں لاکھوں فرانسیسی اور غیر ملکی سیاح فیمیلیز سمیت ائر شو کا وزٹ کریں گے۔ اس شو میں ایروناٹیکل انڈسٹریز سے وابستہ ممالک کی سینکڑوں کمپنیاں شرکت کرتی ہیں۔ مسافر بردار طیاروں سے لڑاکا طیاروں تک اور چھوٹے نجی طیاروں سے اسپیس راکٹ بنانے والی کمپنیوں کے علاوہ گن شپ ہیلی کاپٹر ، نجی ہیلی کاپٹر ،مال بردار طیارے اور ان طیاروں کیلئے ہر قسم کا سازو سامان ، مشینری ، انجن ، سپیئر پارٹس ، میزائیل ، لگژری آئٹمز تیار کرنے والی کمپنیاں اس ائر شو میں شرکت کرتی ہیں اور اپنی تیار کردہ مصنوعات کی نمائش کرکے دنیا بھر کے اس شعبے سے تعلق رکھنے والے تاجروں اور لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کرنے کی بھرپور کوشش کرتی ہیں۔