وزیراعظم سے گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان اور وزیراعلیٰ محمود خان کی ملاقات, انضمام شدہ علاقوں میں تعمیر و ترقی کے حوالے سے پیشرفت، آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا
وزیراعظم عمران خان سے گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان اور وزیراعلیٰ محمود خان نے ملاقات کی ، ملاقات میں انضمام شدہ علاقوں میں تعمیر و ترقی کے حوالے سے پیشرفت، آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا ۔محمود خان نے انضمام شدہ علاقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں سے وزیراعظم کو آگاہ کیا ۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہاکہ انضمام شدہ علاقوں کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ حکومت ان علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اور عوام کی سماجی اقتصادی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بجٹ میں بلوچستان کے پسماندہ علاقوں کی تعمیر و ترقی پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔ کوشش ہے بجٹ اخراجات میں ممکنہ حد تک کفایت شعاری اختیار کی جائے ۔ وزیراعظم نے مزید کہاکہ انضمام شدہ علاقوں کے عوام نے ملک کی سلامتی کیلئے بے شمار قربانیاں دیں۔ ملاقات میں وفاقی وزیر مراد سعید ،معاونین خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان اور نعیم الحق بھی موجود تھے۔