ورلڈ کپ: پاکستان سری لنکا کے مابین میچ بارش کی نذر، ایک ایک پوائنٹ مل گیا
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان عالمی کپ 2019ء کا کھیلا جانے والا میچ بارش کی نذر ہو گیا۔ ٹورنامنٹ کمیٹی کی جانب سے دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دیدیا گیا۔ گذشتہ روز پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان ٹورنامنٹ کا گیاہواں میچ بریسٹول میں کھیلا جانا تھا تاہم وقفہ وقفہ سے ہونے والی بارش نے میچ کو ممکن نہ ہونے دیا۔ فیلڈ امپائر کی رپورٹ کی روشنی میں میچ ریفری نے میچ کو منسوخ کرنے کا اعلان کیا۔ پاکستان ٹیم ٹورنامنٹ میں اپنا چوتھا میچ ٹانٹن میں 12 جون کو آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گی جبکہ سری لنکن ٹیم اپنا اگلا میچ اسی میدان بریسٹول میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گی۔ دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملنے سے سے پوائنٹس ٹیبل پر سری لنکا ٹیم تین پوائنٹس کے ساتھ تیسرے جبکہ پاکستان ٹیم بھی تین پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر پہنچ گئی ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان کو ٹورنامنٹ میں اپنے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں سات وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ میزبان انگلینڈ کے خلاف پاکستان ٹیم نے 14 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔ پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان ورلڈ کپ میں اب تک سات مرتبہ آمنا سامنا ہو چکا ہے جن میں سے ساتوں میچ پاکستان ٹیم نے جیت رکھے تھے۔ آٹھواں میچ بارش کی نذر ہو گیا ہے۔