ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے ملکی مصنوعات کی بہتر انداز میں تشہیر ہوسکتی ہے،اسد عمر
راولپنڈی (نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیربرائے منصوبہ بندی ، ترقی و خصوصی اقدامات اسد عمر سے راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے وفدنے ملاقات کی۔ وفد میں صدر صبور ملک، گروپ لیڈر سہیل الطاف، چیئر مین راول ایکسپو ناصر مرزا، سینئر نائب صدر نوشیروان خلیل خان، نائب صدر حمزہ سروش اور خورشید برلاس شامل تھے ۔ وفد کی جانب سے وفاقی وزیر کو ورچوئل راول ایکسپو کے حوالے سے بریفنگ دی گئی وفاقی وزیر نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے زیر اہتمام ورچوئل انٹرنیشنل راول ایکسپو کا افتتاح کیا اور ایکسپو کے حوالے سے اپنی وزارت کی جانب سے بھرپور معاونت کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے ملکی مصنوعات کی بہتر انداز میں تشہیر کی جاسکتی ہے۔ نمائش کا انعقاد خوش آئند ہے۔ ورچوئل انٹر نیشنل راول ایکسپو سات اگست سے سولہ اگست تک جاری رہے گی۔ ورچوئل پلیٹ فارم کی خاص بات یہ ہے کہ نمائش میں شرکت کے لیے وقت کی قید نہیں ہے۔ چوبیس گھنٹے میں کسی بھی وقت کوئی بھی سٹال ہولڈر یا وزیٹرآن لائن پلیٹ فارم پر نمائش میں شرکت کر سکے گا۔ نمائش میں الیکٹرانکس، فارما، گارمنٹس، انجینئرنگ، مشینری ، فوڈ سمیت مختلف سیکٹرز سے وابستہ کمپنیاں اپنی مصنوعات کا ڈسپلے کر سکیں گی۔ چیئر مین راول ایکسپو ناصر مرزا نے بتایا کہ یہ اپنی نوعیت کی پہلی ایکسپو ہے جو ورچوئل پلیٹ فارم پر منعقد ہوگی۔