وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت عوام کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور ان کے حل کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ ملتان میں حج آپریٹرز کی طرف سے منعقد کی گئی حج تربیت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام کوحکومت کی عوام دوست پالیسیوں کے جلد ثمرات ملیں گے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ موجودہ حکومت نے عازمین کی سہولت کے لئے انقلابی اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی خصوصی درخواست پر سعودی عرب کی حکومت نے پاکستان کو '' روڈ ٹو مکہ'' منصوبے میں شامل کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے وزارت مذہبی امور کو عازمین حج کوزیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کیلئے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان پہلے حکمران ہیں جنہوں نے سعودی عرب کے ساتھ پاکستانی قیدیوں کامعاملہ اٹھایا جس کا مثبت جواب ملا۔
ادھر مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کی وزارت نے کہا ہے کہ سرکاری حج سکیم کے تحت آٹھ ہزار ایک سو انیس عازمین حج چونتیس حج پروازوں کے ذریعے مدینہ منورہ پہنچ گئے ہیں۔ وہ آٹھ روز تک مدینہ منورہ میں قیام کریں گے اور پھرمکہ مکرمہ روانہ ہوجائیں گے۔ وزارت کے ترجمان نے کہا کہ حر م شریف کے قریب مرکز یہ کے علاقے میں رہائش گاہیں حاصل کی گئی ہیں۔