جسٹس عامر فاروق بطور قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ آج حلف اٹھائیں گے
اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس عامر فاروق آج بطور قائم مقام چیف جسٹس ہائی کورٹ عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ حلف برداری کی تقریب صبح 9 بجے اسلام آباد ہائی کورٹ میں منعقد ہو گی۔ عدالت عالیہ اسلام آباد کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب ان سے حلف لیں گے۔ ذرائع کے مطابق حلف برداری کی تقریب سادہ مگر پروقار انداز میں منعقد کی جائے گی۔ حکومتی پالیسی کے مطابق ریفریشمنٹ کا اہتمام نہیں ہو گا۔ واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ موسم گرما کی تعطیلات کے دوران 8 سے 30 جولائی تک چھٹی پر ہوں گے۔ ان کی غیر موجودگی میں جسٹس عامر فاروق بطور قائم مقام چیف جسٹس فرائض انجام دیں گے۔