نیب نے بلا کر کہا آپ پر کرپشن کا الزام نہیں‘ اختیارات کا ناجائز استعمال کیا: احسن اقبال
نارووال (نامہ نگار) جنرل سیکرٹری مسلم لیگ ن پرو فیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ نیب نے مجھے بلا کر کہا آپ پر کرپشن کا الزام نہیں ہے، آپ نے اختیار کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے سوا دو ارب کی خطیر رقم کا منصوبہ نارووال کیوں شروع کیا؟ میں نے جواب میں کہا کہ منصوبہ پہلے کم پیسوں کا تھا، لیکن تعمیر کے ساتھ ساتھ ہم نے 18انٹرنیشنل کھیلوں کے میدان بنا کر ایشیاء کے سب سے بڑاکھیلوں کا میدان نوجوانوں کو دیا اور میں نے ان سے کہا کہ اتنا بڑا منصوبہ میں نے اپنے ہی ملک کے ایک شہر میں بنایا ہے بھارت میں تو نہیں بنایا؟ میں نے نیب کو مجھے بلانے کا شکریہ ادا کیا۔ ہم نے تو سی پیک سے لیکر بڑے بڑے منصوبے پاکستان میں لگائے اور بنیادیں رکھیںلیکن انہوں نے پشاور میں چھ سالوںسے دنیا کی مہنگی ترین میٹرو بس کا منصوبہ بنایا، جو تکمیل تک نہ پہنچ سکا اور پشاور کو کھنڈرات میں تبدیل کر دیا، میری باتیں اور بجٹ کی تقریریں ان کو کاٹ گئیں اور مجھے نیب کا بلاوا آگیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نارووال میںورکرزکنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایم پی اے خواجہ محمد وسیم بٹ، سعید الحق ملک،مسلم لیگ ن کے ضلعی صدر سملک طارق اعوان، پیر سید اظہر الحسن گیلانی،حاجی نذر عباس بھٹی،مزمل حفیظ بابر،عابد بٹ اور سینکڑوں ن لیگ کے ورکرز موجود تھے احسن اقبال نے کہا کہ آج عمران خان نے پاکستان کا پہیہ 10سال پیچھے کر دیا ہے۔ مہنگائی سے آج عوام کی چیخیں نکل رہی ہیں،کہتے تھے خود کشی کر لوں گا آئی ایم ایف کے پاس نہیں جائوںگا۔ انہوں نے خود تو خود کشی نہیں کی مگر عوام خود کشی پر مجبور ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پرانا پاکستان واپس لینا ہے اب اور انتظار نہیں کر سکتے۔ نواز شریف عوام کے لئے جیل میں کفارا دا کر رہے ہیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ مجھے معلوم ہے میری تقریریں حکومت کو چبھتی ہیں، یہ خود کچھ نہیں کر سکتے ہمارے منصوبے ان کو چبھتے ہیںاور یہ ہمارے ترقیاتی منصوبے برباد کرنا چاہتے ہیں۔ یہ اندھیری رات ہے لیکن فجر تک پہنچ چکے ہیں۔ انشاء ا للہ وہ صبح جلد آرہی ہے جب مسلم لیگ ن کی دوبارہ حکومت ہو گی۔ یہ آج کا ورکرکنونشن ملک بھر میں تنظیم سازی کا حصہ ہے۔