نواز شریف اور مریم نواز نے پاکستان کو جمہوری طاقت بنانے کیلئے وطن واپسی کا فیصلہ کیا :مریم اورنگزیب
مسلم لیگ ن کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز جمعے کے روز وطن واپس آئیں گے،نواز شریف نے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا اب وہ پاکستان کو جمہوری طاقت بنانے کیلئے آرہے ہیں۔پوری قوم نے نیب کورٹ کے فیصلے کو مسترد کردیا ہے ۔نوازشریف کے خلاف فیصلہ سرینا کے لفافے میں آیا تھا۔یہ فیصلہ ان فیصلوں کا تسلسل ہے جو جمہوریت کےخلاف آتے رہے ہیں۔عدالتی فیصلے میں تسلیم کیا گیا کہ نواز شریف اور ان کے خاندان نے کرپشن نہیں کی۔وہ گزشتہ روز ماڈل ٹاﺅن میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہی تھی ۔ قبل ازیں مسلم لیگ(ن) کے صدر شہباز شریف کی صدارت میں اہم اجلاس بھی ہوا ۔ جس میں نواز شریف اور مریم نواز کی وطن واپسی پر انتظامات کیلئے آرگنائزنگ کمیٹی بنائی گئی ہے جس میںراجہ ظفر الحق، پرویز رشید، مشاہد حسین پرویز ملک، امیر مقام، شاہ محمد شاہ، عبدالقادر بلوچ حمزہ شہباز اور مریم اورنگزیب شامل ہوں گی۔مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ نیب کورٹ کا فیصلہ انصاف کا سیاسی قتل ہے جسے پوری قوم نے مسترد کیاہے ۔یہ فیصلہ ان فیصلوں کا تسلسل ہے جو جمہوریت کےخلاف آتے رہے۔نوازشریف کے خلاف یہ فیصلہ کوئی نیانہیں بلکہ پہلے بھی صدارتی آررڈ کے تحت اس طرح کے فیصلے آتے رہے۔مسلم لیگ (ن) اور نواز شریف نے پہلے بھی ایسے فیصلوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور اب بھی کریں گے ۔نواز شریف اور مریم نواز نے پاکستان کو جمہوری طاقت بنانے کیلئے وطن واپسی کا فیصلہ کیا ہے دونوں جمعہ کے روز پاکستان آئیں گے۔انہوںنے کہا کہ نیب کورٹ نے اس فیصلے پر مہر لگا دی کہ نوازشریف نے اپنے ادوار میں اربوں روپے کے منصوبے لگائے جس میں سے ایک روپے کی کرپشن ثابت نہیں ہو ئی اس فیصلے نے خود نوازشریف کو بری قرار دیاہے۔کسی قسم کا کوئی ثبوت نہ مل سکا نہ دستاویزات جمع ہوئیں جس سے ایون فیلڈ سے نوازشریف کا کوئی تعلق رہاہو۔کہا گیا کہ مفروضوں اور فوٹو کاپی پر لگ رہاہے کہ پراپرٹی نوازشریف کی ہے ۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ عجیب مقدمہ ہے ۔دادا نے پوتے کو پراپرٹی دی تو اس لئے والد کو گرفتار کرکے سزا دیدی جائے اب تک جتنے نانا یا دادا نے اپنے پڑپوتوں کو جائیداد دی اس پر سزا دیدی جائے۔جو نوازشریف پر ثابت نہیں ہوتا اس کی معاونت مریم نواز نے کی اسلئے معاونت پر کیپٹن صفدر کو بھی گرفتارکرلیاجائے۔انہوں نے کہا کہ قبروں کا ٹرائل کیا جارہا ہے تصورات کی بنیاد پر مریم نواز کو سات سال کی سزا دی گئی۔جو معاہدہ بہن بھائی کے درمیان ہوا اسے کہا گیا وہ جعلی ہے ۔فیصلے کے خلاف عوام کی جانب سے باہرنہ آنے کے سوال پر مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہم عمران خان نہیں جو کیپیٹل کو لاک ڈاﺅن کریں، پی ٹی وی پر حملہ کرنے کی کال نہیں دیتے ہم نے ووٹ کو عزت دو کانعرہ لگایا ہے قوم پچیس جولائی کو شیر پر مہرلگائے گی جسے تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی وطن واپسی پر تاریخی استقبال پر امن ہوگا قانون ہاتھ میں نہیں لیاجائے گا ۔جو بھی قانونی تقاضا ہے وہ کریں گے ۔نواز شریف کے بیٹوں کی وطن واپسی سے متعلق سوال پر مریم اورنگزیب نے کہا کہ حسین اور حسن نوازباہر ہی ہوتے ہیں وہیں بزنس کرتے ہیں ۔ وہ اپنے فیصلے کرنے میں خود مختار ہیں۔اسحاق ڈارسے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار نے عدالت میں میڈیکل سرٹیفکیٹ جمع کروایاہے اس پر کوئی قانونی چارہ جوئی کرنا چاہے تو کرلے۔