عام انتخابات معاشی ترقی اور عالمی سطح پر تعلقات کی سمت کا تعین کریں گے : گورنر سندھ
کراچی(وقائع نگار)گورنرسندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ قومی معیشت کے استحکام کے لئے ضروری ہے کہ ہم دنیا بشمول پڑوسی ممالک کے ساتھ تعلقات کو مزید بہتر، مربوط اور مستحکم بنائیں جبکہ خارجہ پالیسی میں تسلسل، بین المذاہب ہم آہنگی اور اداروں کے مابین تعلقات میں مزید بہتری دور حاضر کی اشد ضرورت ہے۔ یہ صرف حکومت کی بہتر پالیسی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انتھک محنت سے ہی ممکن ہوا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ 2013کے مقابلے میں آج کا پاکستان ترقی کی سمت گامزن ہے اور معاشی استحکام کے لئے گذشتہ حکومت کے اقدامات اہم ثابت ہورہے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے آئی بی اے سے فارغ التحصیل پروفیشنلز کی تنظیم موورز اینڈ شیکرز کے زیرِ اہتمام منعقدہ سیمینار "Look Global and Act Local"سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ پڑوسی ممالک کے ساتھ تجارتی حجم کو بڑھانے سے معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ امن و امان کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پچھلے پانچ برسوں کی جامع کاوشوں کے باعث کراچی میں امن و امان کی بہتر صورتحال ہے جس کے باعث مقامی و بین الاقوامی سرمایہ کاری میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے اور یہ صرف حکومت کی بہتر پالیسی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انتھک محنت سے ہی ممکن ہوا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ 2013کے مقابلے میں آج کا پاکستان ترقی کی سمت گامزن ہے اور معاشی استحکام کے لئے گذشتہ حکومت کے اقدامات اہم ثابت ہورہے ہیں جبکہ سازگار ماحول اور بھرپور استعداد کے باعث غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان کا رخ کررہے ہیں جس سے سرمایہ کاری میں تسلسل سے اضافہ ہو رہا ہے۔ اس ضمن میں حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن تعاون اور معاونت فراہم کررہی ہے۔ سی پیک سے کراچی اور گوادر پورٹ کو مرکزی اہمیت حاصل ہوجائے گی جس سے خطہ سے غربت اور بے روزگاری کے خاتمہ میں مدد ملے گی۔ گورنر سندھ نے کہا کہ 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات قومی معیشت کے استحکام ، ترقی ، خوشحالی ، معاشی پالیسی کے تسلسل اور عالمی سطح پر پاکستان کے متحرک کردار کی سمت کا تعین کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ منتخب قیادت پر بھاری ذمہ داری عائد ہوگی کہ وہ قومی معیشت کے استحکام، صنعتی ترقی، برآمدات کے حجم بڑھانے کے لئے عملی اقدامات کرے ۔ اس ضمن میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے اہم قومی اہداف حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ اس سے قبل ذکی احمد شریف، صدر آئی بی اے موورز اینڈ شیکرز نے اپنی تنظیم کے اغراض و مقاصد بتاتے ہوئے کہا کہ وہ تنظیم کے ذریعے مخصوص مائنڈ سیٹ کو تبدیل کرنا چاہتے ہیں تاکہ پالیسی سازی میں بہتری لائی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ایجنڈا ہے کہ ہم تجارتی حجم میں اضافہ کرنے میں حکومت کو معاونت فراہم کریں۔ سیمینار میں ڈی جی نیب کراچی محمد الطاف باوانی، سابق چیئر مین پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن عارف الٰہی اور آئی بی اے فارغ التحصیل دیگر افراد بھی موجود تھے۔