احتساب عدالت کے فیصلہ نے شریفوں کی سیاست ہمیشہ کیلئے دفن کر دی: عامر ڈوگر
ملتان (نامہ نگار خصوصی) پاکستان تحریک انصاف کے زیر اہتمام یو سی 23 میں کارنر میٹنگ سے امیدوار این اے 155 ملک عامر ڈوگر اور پی پی 216 سے امیدوار ندیم قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملتان شہر کے عوام 25 جولائی کو بلے پر مہر لگا کر کرپٹ مافیا اور کرپشن سے ہمیشہ ہمیشہ کے لئے جان چھڑا لیں۔ انشاء اللہ 25 جولائی کا سورج پاکستان تحریک انصاف کی فتح کی نوید لیکر طلوع ہوگا۔ احتساب عدالت کے فیصلے نے شریفوں کی سیاست کو ہمیشہ کے لئے دفن کر دیا ہے۔ آج عمران خان کی جدوجہد رنگ لے آئی۔ شریف خاندان پوری دنیا میں بے نقاب ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ این اے 155 اور پی پی 216 میں کامیاب ہو کر علاقے کی ترقی کے لئے دن رات ایک کر دیں گے۔ تمام حلقہ کے ووٹرز، ورکرز کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ اس موقع پر انتخابی دفتر کا افتتاح ملک عامر ڈوگر اور ندیم قریشی نے کیا۔ اس موقع پر محمد زبیر شکیل کامران، زاہد کھوکھر، محمد علی، حسین ملک، خلیل شیخانہ، طاہر خان، عمران سیری، نسیم رئوف، اسلم انصاری، محمد واجد، سجاد جوئیہ، عبدالرشید، محمد مبشر و دیگر معززین علاقہ شریک تھے۔