شہر اقتدار پارٹی پرچموں سے سج گیا، امیدواروں نے الیکشن کمپین تیز کر دی
اسلا م آباد(نعمان اصغر)شہر اقتدار پارٹی پرچموں سے سج گیا ،الیکشن قریب آتے ہی نامزد امیدواروں نے الیکشن کمپین تیز کر دی اور روٹھے ہوئے کارکنوں کو منانے کے لئے کارکنوں کے گھروں کا رخ کر دیا تا کہ الیکشن میں جیت یقینی ہو سکے ۔اسلام آباد کے تین حلقوں میں الیکشن کمپین میں دن بدن اضافہ ہوتا جا رہا ہے ،امیدواروں نے روٹھے ہوئے کارکنوں کو منانے کے لئے کارکنوں کے گھروں میں جانا شروع کر دیا ہے تا کہ حمایت میں اضافہ ہو سکے اور جیت سکیں ۔ جس امیدوار کو جہاں جگہ مل رہی ہے وہ وہاں ہی اپنا الیکشن آفس بنا رہا ہے ،الیکشن آفس میں کارکنوں کا خون گرمانے کے لئے سائونڈ سسٹم پر او نچی آ واز میں پارٹی ترانے لگا دئیے جاتے ہیں اور ایک مکمل سیاسی ماحول بنا دیا جاتا ہے ۔ سیاسی جماعتوں کے امیدواروں میں مسلم لیگ نون ،پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف سمیت آزاد نامزد اامیدوار دوسری پارٹیوں کی نسبت زیادہ متحرک دکھائی دے رہے ہیں ۔دارالحکومت کے گلی محلوں اور بازاروں کو پارٹی پرچموں سے سجا دیا گیا ہے اور کارکن دن رات اپنی اپنی جماعت کے امیدوار کی حمایت میں جگہ جگہ ریلیوں کی صورت میںپورے شہر کا چکر لگاتے رہتے ہیں ۔جس امیدوار کو جہاں جگہ ملتی ہے وہ وہاں ہی اپنا الیکشن آفس بناتا ہوا نظر آرہا ہے ہر امیدوار کی یہ کوشش ہے کہ اسے مین سڑک کے ساتھ الیکشن آفس بنانے کی جگہ مل جائے تا کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو امیدوار کی موجودگی کا پتا چل سکے۔امیدوار جہاں خود ڈور ٹو ڈور الیکشن کمپین کر رہے ہیں وہیں اپنی جماعت کے کچھ مرد اور عورتوں کی ڈیوٹیاں بھی لگا دی ہیں کہ وہ حلقہ میں گھر گھر جا کر الیکشن کمپین کریں اور لوگوں کی توجہ اپنے امیدوار کی جانب راغب کریں ،دوسری طرف اکثر شہری امیدواروں سے شکوہ کرتے بھی نظر آئے ان کا کہنا تھا کہیں امیدوار تو ایسے بھی ہیں جن کو ہم نے کبھی حلقہ میں دیکھا بھی نہیں وہ بھی ہم سے آجکل ووٹ مانگنے آرہے ہیں اور جو بھی منتخب ہو جاتا ہے وہ دوبارہ ہمیں نظر نہیں آتا ،شہریوں کے اس روایتی شکوہ کو دور کرنے کے لئے نامزد امیدوار شہریوں کوسبز باغ دکھا رہے ہیں تا کہ شہری ان کو ووٹ دے کر کامیاب کریں جبکہ اکثر شہریوں کا کہنا تھا کہ اس بار وہ ان امیدواروں کے جھوٹے وعدوں میں نہیں آئے گے اور کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ دیں گے۔