رتہ روڈ پر ملبے کے ڈھیر ، شاہ بخاری قبرستان آنے والے زائرین کو شدید مشکلات
اسلام آباد (جنرل رپورٹر)شاہ بخاری قبرستان سے ملحقہ رتہ روڈ پر ملبہ کے ڈھیر لگنے سے قبرستان آنے والے زائرین کو شدید مشکلات کا سامناکرنا پڑتا ہے اور قبرستان داخل ہونے کے لئے ملبہ سے ہو کر گزرنا پڑتا ہے جس سے اکثر خواتین اور بچے گر کر زخمی ہو چکے ہیں،ملبہ مین روڈ تک پھیلنے سے ٹریفک متاثر ہونے سے مین سڑک گھنٹوں بلاک ہو جاتی ہے ،علاقہ مکینوں نے کمشنر اور مئیر راولپنڈی سے اپیل کی کہ ملبہ کے ڈھیر رہائشی علاقوں سے منتقل کئے جائے ۔راولپنڈی رتہ روڈ پر انتظا میہ کی غفلت سے پڑا ملبہ علاقہ مکینوں کے لئے وبال جان بن چکا ہے جس سے شاہ بخاری قبرستان آنے والے زائرین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ،علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ کچھ عرصہ پہلے البائراک کمپنی نے یہاں سے کثیر تعداد میں ملبہ کے ڈھیر اٹھائے تھے لیکن اس کے بعد انتظامیہ کی غفلت سے یہاں پھر ملبہ کے ڈھیر لگ گئے ہیں جو مین سڑک تک پھیل چکے ہیں اس سے اکثر گھنٹوں ٹریفک بلاک ہو جاتی ہے اور رات کے وقت رتہ روڈ سے گزرنا محال ہے کیونکہ پورے روڈ پر ایک بھی سٹریٹ لائٹ نہیں ہے جس سے رات کے وقت آئے روز حادثات معمول بن چکے ہیں لیکن انتظامیہ کی اس معاملے پر خاموشی حیران کن ہے ۔شہریوں کا یہ بھی کہنا ہے کے اگر کنٹونمٹ دفتر جا کر ملبہ کی صفائی کا کہا جائے تو وہ کہتے ہیں کہ یہ ٹی ایم اے انتظامیہ کی زمہ داری ہے جب ٹی ایم اے آفس جاتے ہیں تو وہ کہتے ہیں کہ یہ ملبہ اٹھانا ریلوے انتظامیہ کی زمہ داری ہے انہوں نے کہا آخر ہم کس کے پاس اپنی شکایت لے کر جائیں جس ادارے میں جاتے ہیں وہ کہتے ہیں کہ یہ ہماری زمہ داری نہیں جس سے علاقہ مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ملبہ کے ڈھیر کے ساتھ ہی سلا ٹر ہائوس بھی ہے اور اس کا کچرا بھی ملبہ کے ڈھیر پر ہی پھینک دیا جاتا ہے جس سے پورے علاقہ میں بدبو اور تعفن پھیل جاتا ہے جس میں سانس لینا بھی مشکل ہو جاتا ہے اور شہریوں نے اس دیرینہ مسئلہ سے جان چھڑوانے کے لئے کمشنر راولپنڈی اور مئیر راولپنڈی سے اپیل کی کہ ملبہ کے ڈھیر سے ہماری جان چھڑوائے جائے تا کہ علاقہ مکین سکھ کا سانس لیں سکیں۔