عوام کرپٹ سیاستدانوں کو اسمبلی میں نہیں دیکھناچاہیے: میاں مقصود
لاہور (سپیشل رپورٹر) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ لندن فلیٹس سکینڈل میں نوازشریف اور ان کی فیملی کے خلاف احتساب عدالت کا فیصلہ خوش آئند ہے۔اب احتساب کے سلسلے کویہاں نہیں رکناچاہئے،احتساب سب کااور بلاامتیاز ہونا چاہئے۔پوری پاکستانی قوم یہ چاہتی ہے کہ کرپشن زدہ لوگوں کواسمبلیوں میں نہیں آنا چاہئے۔ جن لوگوں نے منی لانڈرنگ اور قومی خزانے کی لوٹ مار کی ہے ان کواحتساب کے کٹہرے میں کھڑاکرناوقت کاناگزیر تقاضاہے۔ یکطرفہ احتساب نہیں ہونا چاہئے بلکہ پانامالیکس میں شامل 436پاکستانیوں،دبئی لیکس،پیراڈائزلیکس اور قرضے معاف کرانے والوں سے بھی لوٹی گئی دولت کی پائی پائی وصول کی جانی چاہئے۔ جماعت اسلامی نے کرپشن فری پاکستان تحریک ملک میں سب سے پہلے چلائی تھی،آج اسی کانتیجہ ہے کہ کرپٹ افرادکوعدالتوں سے سزائیں سنائی جارہی ہیں۔کسی بھی سیاسی پارٹی میں شامل بدعنوان افراد کونہیں چھوڑنا چاہئے بلکہ ان کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہئے۔کرپشن پاکستان کاسب سے بڑامسئلہ ہے۔جب تک ملک کرپشن سے پاک نہیں ہوگا حالات میں کوئی بہتری نہیں آئی گی۔ تمام بڑے چوروں اور ڈاکوئوں کو اسمبلیوں میں نہیں بلکہ جیلوں میں قید کیاجانا چاہئے۔