تیز رفتار موٹرسائیکل کی ٹکر سے سڑک کنارے کھڑا نوجوان جاں بحق
اٹھار ہزاری ( نامہ نگار )تیز رفتار موٹر سائیکل سوار نے سڑک کنارے کھڑے نوجوان کی جان لے لی ، محمد اسد لشاری پل پر سڑک کراس کرنے کیلئے کھڑا تھا ، جھنگ لیجاتے ہوئے دم توڑ گیا ، تفصیلات کے مطابق نواحی علاقہ حسو بلیل کا رہائشی 18سالہ محمد اسد لشاری پل پر سڑک کراس کرنے کیلئے ٹریفک گزرنے کا انتظار کر رہا تھا کہ ایک تیز رفتار موٹر سائیکل سوار نے اسے ٹکر ماردی جس کے نتیجہ میں وہ شدید زخمی ہو گیا جس کو فوری طور پر رورل ہیلتھ سنٹر روڈوسلطان پہنچایا گیاجہاں سے تشویشناک حالت کے پیش نظر اسے ڈی ایچ کیو ہسپتال جھنگ ریفر کیا گیا تاہم سر کی گہری چوٹ کی وجہ سے وہ راستے میں ہی جاں بحق ہوگیا،موٹر سائیکل سوار فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ۔