احتجاج بلاجواز‘ نوازشریف کو عدالتی فیصلوں کا احترام کرنا چاہئے: یوسف رضا
ملتان‘ شجاع آباد (سپیشل رپورٹر‘ نامہ نگار) سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ نوازشریف کو عدالتوں کے فیصلوں کا احترام کرنا چاہئے عام انتخابات میں اداروں کے خلاف احتجاج کا کوئی جواز نہیں عوام اپنے ووٹ کا حق آزادانہ ماحول میں استعمال کریں گے بلاول بھٹو زرداری کو جنوبی پنجاب میں بھرپور پذیرائی مل رہی ہے جس کے اثرات 25 جولائی کو ووٹ کی پرچی کے ذریعے سامنے آئیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے شجاع آباد میں اپنے انتخابی حلقہ این اے 158 میں منعقدہ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا سید یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ شجاع آباد کے عوام نے پیپلز پارٹی کے حق میں فیصلہ دیا تو میرا یہ ان سے وعدہ ہے کہ جس طرح میں نے ملتان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔ انہوں نے کہا عوام کی امیدوں پر پورا اتروں گا اور شجاع آباد کی ترقی کے لئے بلاامتیاز اپنا کردار ادا کروں گا۔ انہوں نے کہا بلاول بھٹو زرداری بھی شجاع آباد دیکھنا چاہتے ہیں بلاول بھٹو 9 جولائی کو ریلی کی صورت میں شجاع آباد آئیں گے اس موقع پر فوکل پرسن خواجہ انیس مصطفیٰ صدیقی‘ معراج قریشی‘ ڈاکٹر نوید علی بہادر‘ راؤ عبید بہادر ‘ راؤ عمران‘ راؤ خالد قریشی‘ سید صہیب واسطی‘ رانا صفدر نون‘ شاہین میو و دیگر بھی موجود تھے۔