اعصام الحق قریشی ومبلڈن اوپن ٹینس مکسڈ ڈبلز دوسرے رائونڈ میں پہنچ گئے
لندن (اے پی پی) سٹار پاکستانی کھلاڑی اعصام الحق قریشی فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے سال کے تیسرے گرینڈسلام ٹینس ٹورنامنٹ ومبلڈن اوپن مکسڈ ڈبلز دوسرے رائونڈ میں پہنچ گئے۔ اعصام الحق اور ان کی اسپینش جوڑی دار ایرن ٹیکسا پیرا سنتونجا نے پہلے رائونڈ میں ارجنٹائن کے اینڈرس مولٹینی اور ان کی جاپانی جوڑی دار ماکوٹو نینومیا کو سٹریٹ سیٹس میں شکست دی۔ لندن میں جاری ایونٹ میں کھیلے گئے مکسڈ ڈبلز پہلے رائونڈ میچ میں اعصام الحق اور سنتونجا نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے اینڈرس اور ماکوٹو کو سٹریٹ سیٹس میں 6-3 اور 6-2 سے ہرا کر دوسرے رائونڈ کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ واضح رہے کہ اعصام الحق مینز ڈبلز دوسرے رائونڈ میں شکست کے بعد ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہو چکے ہیں۔