مویشی منڈی کے ٹھیکیدار کی لوٹ مار‘ تشدد‘ پولیس نے اطلاع دینے والے کو پکڑ لیا
ملتان (خبرنگار خصوصی) کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ کمپنی کے افسران کی ملی بھگت سے ٹھیکیدار نے ٹھیکہ لیتے ہی مویشی منڈی میں لوٹ مار شروع کر دی ہے سٹال لگانے والوں سے زبردستی زائد ریٹ وصول کرنا شروع کر دئیے ہیں اس معاملہ پر گزشتہ ر وز مویشی منڈی میں جھگڑا ہو گیا معلوم ہوا ہے کہ محمد کاشف اور آصف نامی ٹھیکیدار نے چائے چاول اور دیگر سٹالز لگانے والوں سے زبردستی 2500 روپے وصولی شروع کر دی جبکہ ان سٹالز کے پہلے ہفتہ وار 300 روپے وصول کئے جاتے تھے اس معاملہ پر جھگڑا ہوا ایک سٹال لگانے والے کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا جس پر اس نے 15 پر کال کر دی جب پولیس آئی تو وہ الٹا کال کرنے والے لڑکے کو گرفتار کر کے لے گئی کہ اس نے منڈی میں فائرنگ کرنے کی اطلاع دی ہے جبکہ متاثر ہ لڑکے کا کہنا ہے کہ اس نے جھگڑے کی اطلاع دی ہے دیگر سٹالز لگانے والوں کا کہنا ہے کہ پولیس بھی ٹھیکیداروں کے ساتھ ملی ہوئی ہے۔