بھارت نے زخمی بمرا کی جگہ فاسٹ بائولر شیردل ٹھاکر کو انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کیلئے ٹیم میں طلب کر لیا
ممبئی(اے پی پی) بھارت نے فاسٹ بائولر شیردل ٹھاکر کو انگلینڈ کے خلاف شیڈول ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سیریز کیلئے ٹیم میں طلب کر لیا، انہیں فاسٹ بائولر جسپریت بمرا کی جگہ سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، بمرا ہاتھ کی انجری کے باعث سیریز سے دستبردار ہو گئے تھے۔ بھارت اور انگلینڈ کے درمیان تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز 12 جولائی سے ہو گا۔ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق بمرا نے 4 جولائی کو وطن واپسی سے قبل انگوٹھے کی سرجری کرائی تھی اسلئے وہ ون ڈے سیریز میں ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے، ان کی جگہ فاسٹ بائولر شیردل ٹھاکر کو سکواڈ میں طلب کر لیا گیا ہے۔