خان الاحمر، ابو النوار میں فلسطینیوں کوبے دخل کرنا قابل مذمت ہے:سپین
میڈرڈ(صباح نیوز)سپین کی حکومت نے مقبوضہ بیت المقدس میں خان الاحمر کے مقام پر فلسطینی شہریوں پر اسرائیلی فوج کے وحشیانہ تشدد کی شدید مذمت کی ہے۔ فلسطینی میڈیا کے مطابق سپین کی حکومت کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مشرقی بیت المقدس میں خان الاحمر اور ابو النوار میں فلسطینیوں کوبے دخل کرنا قابل مذمت اقدام ہے۔ہسپانوی حکومت نے صہیونی ریاست پر زور دیا ہے کہ وہ خان الاحمر میں اپنے توسیع منصوبوں پر عمل درآمد کی خاطر فلسطینیوں پر تشدد کا سلسلہ بند کرے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ فلسطینی علاقوں میں صہیونی ریاست کی جانب سے فلسطینیوں کی بے دخلی کے آپریشن بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔