ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی‘ تحریک انصاف‘ تحریک لبیک کیخلاف درخواست دائر
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) الیکشن کمیشن میں ذرائع ابلاغ پر تحریک انصاف اور تحریک لبیک کی انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی حامل تشہیری مہم روکنے کے لئے درخواست دائر کر دی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے ٹی وی چینلز پر چلائی جانے والی تشہیری مہم ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔ وکیل سفیر حسین شاہ نے الیکشن کمیشن میں شکایت درج کرائی ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا پر پی ٹی آئی کی جانب سے چلائی جانے والی انتخابی مہم الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق اور انتخابی قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ اگر تحریک لبیک کی طرح کوئی سیاسی جماعت ختم نبوت کے قانون میں ترمیم کرنے والی پارلیمانی کمیٹی کے خلاف مہم کو اپنا ہتھیار بنائے گی یہ ایک ایسا معاملہ ہے جس پر پاکستان کے عوام مرنے اور مارنے پر تیار ہو جاتے ہیں اس اقدام سے نہ صرف ہمارے پیارے ملک پاکستان کے مفاد کو نقصان پہنچے گا بلکہ عوام ایک دوسرے سے لڑیں گے۔ انہوں نے درخواست کے ساتھ مختلف چینلوں پر چلنے والے ان اشتہارات اور سوالیہ انتخابی مہم کی سی ڈی اور ڈی وی ڈی بھی الیکشن کمیشن کو ارسال کی ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن ایسے تمام فریقین کو ہدایت کرے کہ وہ ضابطہ اخلاق کے خلاف اپنی منفی مہم بند کریں۔