تربیلا ڈیم میں پانی تاریخ کی کم ترین سطح پر پہنچ گیا
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) ارسا نے پانی کی شدت قلت سے آگاہ کردیا ہے۔ ارسا کے اعداد و شمار کے مطابق تربیلا ڈیم میں پانی تاریخ کی کم ترین سطح پر پہنچ گیا۔ سندھ اور پنجاب میں 15 فیصد پانی کی فراہمی میں کٹوتی کا فیصلہ کرلیاگیا ہے۔ موسمیاتی تبدیلوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک کی فہرست میں پاکستان بھی شامل ہے ۔کافی عرصہ سے خدشہ ظاہر کیا جارہا تھا کہ مناسب انتظامات نہ کرنے کی صورت میں ملک میں پانی کی زبردست قلت کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ کم بارشوں اور شمالی علاقہ جات میں درجہ حرارت نہ بڑھنے سے پانی کی سطح مسلسل گر رہی ہے۔ارسا کے مطابق تاریخ میں پہلی بار جولائی کے مہینے میں تربیلا میں پانی کا لیول کم ترین سطح پر پہنچ چکا ہے۔ 21 جون سے اب تک تربیلا میں پانی کا لیول 63 فٹ تک گر گیا۔ صورتحال یہ ہے کہ تربیلا میں پانی کی سطح 1386 فٹ کم ترین سطح پر ہے۔