بہاول پور: ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر لیگی امیدوار صوبائی اسمبلی کو 50، دیگر کو 20، 20 ہزار جرمانہ
بہاول پور (نامہ نگار) ڈپٹی کمشنر بہاول پور نے الیکشن کمشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر مسلم لیگ (ن) کے امیدوار برائے صوبائی اسمبلی ڈاکٹر رانا طارق کو50ہزار روپے جرمانہ اور وارننگ جبکہ ملک ظہیر اقبال چنڑ، میاں شعیب اویسی اورقاضی عدنان فریدکو الیکشن ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر بیس بیس ہزار روپے جرمانہ عائد کیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے الیکشن مانیٹرنگ آفیسر کی شکایت پر کیس کی سماعت کی اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ثابت ہونے پر 50ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا۔ اسی طرح ضلع بھر میں تعینات الیکشن مانیٹرنگ افسران کی رپورٹ کے مطابق تحصیل احمد پور شرقیہ کے علاقہ اڈا کوٹلہ موسیٰ خان، دھوڑ کوٹ، ہتھیجی، مبارک پور کا معائنہ کیا جس میں خدیجہ عامر وارن اور سردار جہانزیب وارن پاکستان تحریک انصاف کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر شوکاز نوٹس جاری کیا گیا۔ اسی طرح احمد پور شرقیہ سٹی میں چیئرمین یونین کونسل اوچ گیلانی سید سلمان گیلانی کی تصویر چھاپی گئی جس پر مخدوم پیر سید محمد افتخار حسن گیلانی پاکستان تحریک انصاف کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا۔