عوام 2 رکعت نماز پڑھیں اور اللہ کو گواہ بناکر ووٹ ڈالنے جائیں: خواجہ آصف
سیالکوٹ (نامہ نگار) سابق وزیر داخلہ خواجہ محمد آصف نے کہا میاں محمد نوازشریف اور اسکی بیٹی کو قید اور انکی لندن کی جائیداد ضبط کرنے کی سزا سنائی ہے۔ ہم اس فیصلے کے خلاف ایک قانونی اور آئینی طریق کار استعمال کریں گے۔ خلق خدا فیصلہ کرے گی میاں محمد نواز شریف حق پر ہیں۔ محلہ شجاع آباد میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا عوام کو چاہئے 25جولائی کو نماز فجر کے بعد دو رکعت پڑھ کر اللہ کو گواہ کرکے ووٹ ڈالنے جائیں۔ پاکستان کے عوام کی عدالت کے فیصلے کے ذریعے اللہ بولتا ہے۔ انہوں نے کہا عزتیں اور اقتدار عطا کرنے والی ذات اللہ تعالیٰ کی ذات ہے۔ انہوں نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف وطن واپس آکر نہ صرف ملکی عدالت بلکہ عوام کی عدالت میں پیش ہونگے۔ بہت جلد جیپ کے نشان والے الٹ جائیں گے۔ ایک دوسری کارنر میٹنگ کے دوران خواجہ محمد آصف نے محمد نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو سنائی جانے والے سزا پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا مسلم لیگ ن اس فیصلہ کے بعد 2 راستوں کو اپنائے گی پہلا راستہ قانون اور عدالت کا راستہ ہے۔ اس فیصلہ کے خلاف ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ میں اپیل میں جائیں گے اور تمام تر میسر قانونی راستوں کو اپنائیں گے جبکہ دوسرا راستہ 25جولائی کو وطن عزیز میں لگنے والی پاکستان کی سب سے بڑی عوام کی عدالت میں اپنا مقدمہ لے جائیں گے اور انشاء اللہ فتح یاب ہونگے۔ انہوں نے کہا بیٹیاں سب کی سانجھی ہوتی ہیں اور یہاں بیٹی کو بھی سزا سنا دی گئی ہے دشمنوں کی بیٹیوں پر بھی چادر ڈال دی جاتی ہے ان کا بھی احترام کیا جاتا ہے ۔ نوازشریف کیخلاف فیصلہ آیا ہے اس میں کہیں یہ درج نہیں اس نے کرپشن کی ہے بلکہ یہ فیصلہ ہے ان کے پاس اتنے وسائل نہیں جتنی پُر تعیش زندگی گزار رہے ہیں۔ انہوں نے کہا نواز شریف کو میں 54 برسوں سے جانتا ہوں نواز شریف اللہ کے فضل سے مال دار گھرانے کا اس وقت بھی فرزند تھا اور آج بھی اس کا ایک مالدار گھرانے سے تعلق ہے۔ عدالتی فیصلوں پر کیا کمنٹ کریں ؟ ہم تو اپیل لیکر 25جولائی کو آپ کے سامنے حاضر ہوجائیں گے۔ قبل ازیں خواجہ محمد آصف ، محمد منشاء اللہ بٹ اور چوہدری محمد اکرام نے دربار امام علی الحق شہید پر حاضری دی اور چادر پوشی کے بعد دعا کی۔