عوامی اعتماد سے بننے والی حکومت ہی مسائل حل کر سکتی ہے: شاہد خاقان
کلرسیداں (نامہ نگار )سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نواز شریف کو سزا پہلی بار نہیں دی گئی مشرف دور میں بھی انہیں ہائی جیکر بنا کر سزا دی گئی تھی اب بھی نواز شریف کو سزا سنائی گئی ہم اس فیصلے کو چیلنج کریں گے نواز شریف ہمارے قائد تھے ہیں اور رہیں گے اور ماضی کی طرح ہم آئند ہ بھی ان کے شانہ بشانہ جدوجہد کرتے رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انتخابی اجتماع سے خطاب میںکیا۔ ہم اس کے ساتھ آج کیا سلوک کر رہے ہیں یہ ہم سب کے سوچنے اور سمجھنے کی بات ہے۔ جنرل مشرف اور آصف علی زرداری نے اپنے ادوار میں مناسب ماحول ملنے کے باوجود ان مسائل پر توجہ نہ دی تھی ہم نے سازشوں اور دھرنوں کے باوجود ملک میں امن بحال کیا کراچی کی روشنیاں بحال کیں۔ اقتدار میں کس کو آنا چاہئے اس کا فیصلہ کسی اور کو نہیں آزادانہ ماحول میں لوگوں کو کرنے دیا جائے۔ لوگوں کے اعتماد سے قائم ہونے والی حکومت ہی ملک اور قوم کو درپیش مسائل حل کر سکتی ہے۔ پی ٹی آئی کے دعوے اور وعدے دلفریب ہو سکتے ہیں مگر حقیقت ان کے برعکس ہے ان کے پاس نیت ہے نہ تجربہ۔