لودھراں: پائپ ٹھیک کرنے کنویں میں اترنے والے 2 بھائی بھانجے سمیت زہریلی گیس سے جاں بحق
لودھراں (رائو عابد محمود سے) پائپ ٹھیک کرنے کنویں میں اترنے والے دو بھائی بھانجے سمیت کنویں میں گیس بھر جانے کی وجہ سے جاں بحق ہو گئے۔ تفصیل کے مطابق سید اختر بوپا پاسکو کلرک لودھراں کے دو بھائی محمد شفیق، محمد رفیق بوپا بھانجی کی عیادت کیلئے اسلام آباد اپنی ہمشیرہ کے گھر گئے ہوئے تھے۔ گھر میں بنے کنویں کا پائپ ٹھیک کرنے کیلئے انکا بھانجا مجاہد کنویں میں اتر گیا کنویں میں زہریلی گیس بھر جانے کی وجہ سے بھانجا بیہوش ہو کر گر گیا جسے بچانے کیلئے دونوں بھائی محمد شفیق اور محمد رفیق بوپا کنویں میں اتر گئے اور کنویں میں بھری زہریلی گیس کی وجہ سے بھانجے سمیت دونوں بھائی موقع پر جاں بحق ہو گئے۔ تینوں میتیں لودھراں پہنچنے پر پورا علاقہ سوگوار گھر میں کہرام برپا ہو گیا۔ نماز جنازہ آج صبح دس بجے آبائی گائوں چک نمبر 99ایم لودھراں میں ادا کی جائے گی۔