آپ نے آنے میں بہت دیر کردی سعید غنی ناراض جیالوں کو منانے میں ناکام،شاہ محمود قریشی سیاستدان نہیں کرائے کے کارندے ہیں: پی پی رہنما
کراچی (سٹاف رپورٹر)پیپلزپارٹی کی لیاری کے ناراض جیالوں کو منانے کی کوششیں ناکام ہوگئیں، پیپلزپارٹی کراچی کے صدرسعید غنی نے گزشتہ شب وفد کے ہمراہ لیاری سے سابق رکن قومی اسمبلی شاہ جہاں بلوچ اور حبیب حسن سے ملاقات کی۔ذرائع کے مطابق سعید غنی نے شاہ جہان بلوچ کو پی ایس 107اور حبیب حسن کو پی ایس 108 سے پیپلزپارٹی کے امیدواروں کے حق میں الیکشن نہ لڑنے کے لئے آمادہ کرنے کی کوشش کی ۔شاہ جہاں بلوچ پی ایس 107 سے پیپلزپارٹی کے امیدوار جاوید ناگوری کے مدمقابل ہیں ۔ذرائع کے مطابق کارکنوں نے سعید غنی سے کہا کہ آپ نے یہاں آنے میں بہت دیرکردی ہے ۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سعید غنی نے کہا ہے کہ شاہ محمود قریشی سیاستدان نہیں کرائے کے کارندے ہیں ،قریشی وقت کے ساتھ آقا تبدیل کرتے ہیں،ملتان اور عمرکوٹ میں سیاسی خانہ بدوش کو شکست ہوگی۔ ہفتہ کو پارٹی کے رہنما سعید غنی نے ایک بیان میں کہاپی ٹی آئی کرپٹ عناصر کی پناہ گاہ بن چکی ہے۔شاہ محمود قریشی سیاستدان نہیں کرائے کے کارندے ہیں ۔ سعید غنی نے کہا شاہ محمود قریشی وقت کے ساتھ آقا تبدیل کرتے ہیں، جتنا شاہ محمود نے اپنے مریدوں کو رسوا کیا ہے کسی اور گدی نشین نے نہیں ۔ انہوں نے کہا شاہ محمود نے وزیر خارجہ بن کر صرف اپنے بیٹے کو امریکہ میں نوکری دلائی۔ ملتان اور عمرکوٹ میں سیاسی خانہ بدوش کو شکست ہوگی ۔