میڈیاہائوسز پر حملے‘ متحدہ رہنما خالد مقبول و دیگر کی گرفتاری کا حکم
کراچی(وقائع نگار)انسداد دہشتگردی عدالت نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنویئنر خالد مقبول صدیقی سمیت متعدد رہنمائوں کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ہیں۔ہفتہ کو کراچی کی انسداد دہشتگردی عدالت میں ایم کیو ایم رہنمائوں کے خلاف میڈیا ہائوسز پر حملے، جلائو گھیرائو خلاف نعرے بازی کے مختلف مقدمات کی سماعت ہوئی۔ ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار، خواجہ اظہار، ریحان ہاشمی اور عامر خان عدالت میں پیش ہوئے، جب کہ پارٹی کے منحرف رہنما شاہد پاشا اور امجد اللہ خان بھی جج کے روبرو حاضر ہوئے۔عدالت نے عدم پیشی پر دو مقدمات میں ایم کیو ایم بانی، ایم کیو ایم کنویئنر خالد مقبول صدیقی، رشید گوڈیل، حیدر عباس رضوی اور سلمان مجاہد بلوچ سمیت دیگر کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔ انسداد دہشتگردی عدالت نے حکم دیا کہ مفرور ملزمان کو گرفتار کرکے 11 اگست تک پیش کیا جائے۔اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ انتخابی مہم چلانے کے لئے ایم کیو ایم کے پاس دفاتر تک نہیں ہیں، لیکن 25 جولائی کو تبدیلی آئے گی اور ایم کیو ایم منتخب ہوگی، یہاں کے عوام نے پیپلز پارٹی کو مسترد کردیا ہے۔