شفاف الیکشن کا انعقاد مشترکہ ذمہ داری‘ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر بلاامتیاز کارروائی کی جائے: حسن عسکری
لاہور (خصوصی رپورٹر) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب حسن عسکری نے کہا ہے کہ پنجاب میں انتخابات کیلئے 47 ہزار 473 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں ‘ الیکشن ڈیوٹی پر 2 لاکھ 59 ہزار سے زائد پولیس افسر اور اہلکار تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ امیدوروں، جلسے جلوسوں اور ریلیوں کو بھی سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ ہفتہ کو نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں عام انتخابات کی تیاریوں سمیت دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔ حسن عسکری نے کہا پنجاب میں 141 قومی اور 297 صوبائی نشستوں پر انتخابات ہوں گے۔ پولنگ سٹیشنز پر ضروری سہولتیں دی گئی ہیں ۔ پاک فوج رینجرز اور دیگر سکیورٹی اداروں کے ساتھ امن عامہ کے لائحہ عمل کو حتمی شکل دی گئی ہے۔ پنجاب بھر میں انتخابی ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے دفعہ 144 نافذ ہے۔ نگران وزیر اعلیٰ نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر قانون کے تحت بلا امتیاز کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ضلعی و ڈویژنل انتظامیہ اور پولیس خلاف ور زی پر قانون کے تحت کارروائی کریں۔ الیکشن کمشن کے ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔ علاوہ ازیں نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا ہے کہ نگران حکومت کی پہلی اورآخری ترجیح انتخابات کے شفاف اور پرامن انعقاد کو یقینی بنانا ہے۔ نگران حکومت مکمل طورپر غیر جانبدار اور غیر سیاسی ہے۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے گزشتہ روز وزیراعلیٰ آفس میں غیر ملکی میڈیا کے نمائندوںسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نگران حکومت صرف صاف، شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کرانے کیلئے آئی ہے اور صاف اور شفاف الیکشن کرانے کیلئے ہر ضروری قدم اٹھایا جا رہا ہے۔ دریں اثناء نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے معروف سماجی کارکن عبدالستار ایدھی کی دوسری برسی کے موقع پراپنے پیغام میں کہا ہے کہ عبدالستار ایدھی انسانی خدمت کی اعلیٰ ترین مثال ہیں اور ہم سب کو عبدالستار ایدھی کی زندگی سے سیکھنا چاہئے، عبدالستار ایدھی مرحوم پوری انسانیت کا فخر ہیں۔