پرامن اور شفاف انتخابات نگراں حکومت کی پہلی ترجیح ہے‘ علی ظفر
کراچی(وقائع نگار)نگراں وزیراطلاعات بیرسٹر علی ظفرنے کہاہے کہ ہم نے خود کو غیرجانبدار رکھا ہوا ہے، پرامن اور شفاف انتخابات کرانا نگراں حکومت کی پہلی ترجیح ہے۔ہفتہ کو مزار قائد پر سیوریج واٹرٹریٹمنٹ پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 25 جولائی کو انتخابات ہوں گے، سب کے ساتھ برابری کا سلوک رواں رکھنے کے خواہاں ہیں، عوام اپنے ووٹ کا صحیح استعمال کریں گے، ووٹر کی تربیت کرنے کا وقت آ گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ آبی ذخائر کے ساتھ آبی کفایت بھی ضروری ہے، پانی کا واحد حل ڈیمز کی تعمیر ہے اور ڈیمز بنانے کے لیے پانی کی ایک ایک بوند بچانا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ مزار قائد پر واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ پر کام شروع کر دیا گیا ہے، یہ منصوبہ آئندہ سال اپریل تک مکمل ہو جائے گا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پیمرا جو قانون بنائے گا حکومت اس پر عمل کرے گی۔
بیرسٹر علی ظفر