پٹرول 4.26 ‘ ڈیزل 6.37‘ مٹی کا تیل 3.74 روپے لٹر سستا
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر توانائی سید علی ظفر نے تیل مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے حکومتی اقدام کا مقصد عوام کو ریلیف دینے ہے۔ گزشتہ روز وفاقی کابینہ نے پٹرولیم مصنوعات پر جنرل سیلز ٹیکس کم کرنے کا فیصلہ کیا۔ پٹرول اور مٹی کے تیل پر جنرل سیلز ٹیکس کی شرح 17کم کرکے 12فیصد ڈیزل پر جنرل سیلز ٹیکس 31فیصد سے کم کرکے 24فیصد اور لائٹ ڈیزل پر جنرل سیلز ٹیکس کی شرح 17فیصد سے کم کرکے 9فیصد کر دی گئی۔انہوں نے کہا جنرل سیلز ٹیکس کی شرح میں کمی سے حکومت کو 10ارب روپے کا ریونیو نقصان ہو گا۔ نئی قیمتوں کا اطلاق ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب 12بجے سے ہو گیا ہے۔ پٹرول کی قیمت میں 4روپے 26پیسے فی لٹر، ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 6روپے 37پیسے فی لٹر، مٹی کے تیل کی قیمت میں3روپے 74پیسے فی لٹر، لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 5روپے 54پیسے فی لٹر کمی کی گئی ہے۔ پٹرول کی نئی قیمت 95روپے 24پیسے، ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 112روپے 94پیسے، مٹی کے تیل کی قیمت 83روپے 96پیسے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت 75روپے 37پیسے فی لٹر ہو گی۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے تیل مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے نوٹس لے رکھا ہے اور حکومت کو قیمتوں پر نظرثانی کیلئے آج تک کی مہلت دی تھی۔ سماعت آج چیف جسٹس آف پاکستان کرینگے۔ حکومت نے رپورٹ عدالت عظمیٰ میں پیش کرنی ہے جس کے پیش نظر قیمت میں کمی کی گئی۔آئی این پی کے مطابق نگراں وزیراطلاعات علی ظفر نے کہا ہے 25جولائی کوانتخابات مقررہ وقت پرہوں گے، شفاف انتخابات کراناہماری ترجیح ہے، عوام اپنے ووٹ کاصحیح استعمال کریں، ہمارے سامنے کوئی پسندیدہ یا نا پسند نہیں ہے۔ گزشتہ روز انہوں نے مزارقائد پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔
پٹرول قیمت