افغانستان، بم کی زد میں آکر 3 بچے ہلاک، علاقے کا گھیرائو
کابل (آن لائن+ اے پی پی) افغانستان کے جنوبی غزنی صوبے کے رہائشی علاقے میں سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کیلئے نصب بم کی زد میں آکر 3 بچے جاں بحق ہو گئے۔ہفتہ کو ترجمان غازی صوبے عارف نوری نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے تصدیق کی کہ گیلان ضلع میں روڈ کیساتھ نصب بم پھٹنے سے 3 بچے جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے،بم سیکیورٹی فورسز پر حملے کیلئے نصب کیا گیا لیکن شہری زد میں آگئے،واقعے کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور تحقیقات شروع کر دی۔ دوسری جانب طالبان نے حکومت کیساتھ امن مذاکرات کی پیش کش مسترد کردی۔ہفتہ کو ترجمان طالبان ذبیع اللہ مجاہد کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا افغان زمین پر غیر ملکی فوجیوں کی موجودگی میں طالبان مذاکرات پر آمادہ نہیں ہیں،افغان حکومت ’کٹھ پتلی‘ ہے،طالبان قیادت نے متعدد مرتبہ امن مذاکرات میں دلچسپی کا اظہار کیا لیکن امریکا کی حمایتی یافتہ افغان حکومت سے مذاکرات سے انکار کرتے رہے ہیں جب تک افغان سرزمین سے تمام غیر ملکی فوجیوں بے دخل نہیں ہوں گی، مذاکرات کی گنجائش نہیں نکلے گی۔ ادھر سعودی عرب 10اور 11جولائی کو جدہ اور مکہ مکرمہ میں افغانستان میں امن و استحکام کیلئے مسلم علماء کی عالمی کانفرنس کی میزبانی کریگا۔ سعودی اخبار کے مطابق یہ کانفرنس اسلامی سربراہ کانفرنس اور او آئی سی کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد کے تحت منعقد کی جارہی ہے۔ اس میں نہ صرف یہ کہ افغانستان کے ممتاز علماء شریک ہونگے بلکہ دنیا بھر کے منتخب علماء بھی مدعو ہونگے۔ کانفرنس کا مقصد افغانستان میں امن بحال کرنے میں مدد اور ہرطرح کی دہشتگردی ، انتہا پسندی اور شدت پسندی کی مذمت کرنا ہے۔
افغانستان