مجلس عمل عوام کے خو ابو ں کی تعبیر بنے گی ، منعم ظفرخان
کراچی ( خصوصی رپو رٹر) متحدہ مجلس عمل کے امیدار NA-253 منعم ظفر خان نے مسجد عثمان غنی نارتھ کراچی سیکٹر 5A میں نمازیوں سے ملاقات کی اور اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محراب اور منبر ہمارے معاشرے کی اتحاد کی علامت ہے، علماء اس کے وارث ہیں، اس محراب و منبر ہی کے ذریعے ہم عوام تک یہ پیغام پہنچا رہے ہیں کہ 5 سال گزرنے کے بعد آنے والے 5 سالوں کے لئے ملک اور قوم کے مستقبل کا فیصلہ ہونا ہے جو عرصہ گزرا عوام نے دیکھ لیا جیتنے والوں نے کیا کیا لیکن اب شہر کے حالات اور لوگوں کے خیالات بدل رہے ہیں، انشاء اللہ متحدہ مجلس عمل کے امیدوار منتخب ہونے کے بعد عوام کے خوابوں کو کم سے کم عرصہ میںپورا کریں گے۔ بعد ازاں انہوں نے نارتھ کراچی سیکٹر 11-B میں شہریوں سے ملاقات کی اور انہیں متحدہ مجلس عمل کا پیغام پہنچایا۔ علاوہ ازیں متحدہ مجلس عمل کے امیدوار PS-123 محمد یوسف نے مسجد گلشن عثمان نارتھ کراچی سیکٹر 11-A میں نمازیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات میں اب چند دن باقی رہ گئے ہیں، بے شمار امیدوار رنگ برنگے نعروں کے ساتھ میدان میں آ چکے ہیں لیکن عوام بخوبی جانتے ہیں گزشتہ پانچ برسوں میں ان کے مسائل کے حل کے لئے کون میدان میں موجود تھا، انہوں نے کہا کہ ووٹ کا مرحلہ تو 25 جولائی کو آئے گا لیکن اس سے قبل یہاں سے منتخب ہونے والوں سے سوال کرنا چاہئے۔