مون سون، شہریوں کو کھانا او رپانی کے استعمال میں احتیاط کی ہدایت
کراچی (ہیلتھ رپورٹر)امریکہ کے معتدی بیماریوں کے کنٹرول سینٹر نے پاکستان سے متعلق ایک وارننگ جاری کی ہے جس میں پاکستان میں ڈرگ رزیسٹنٹ ٹائیفائیڈ بخار کے جاری پھیلائو سے متنبہ کیا گیا ہے کہ اس بخار پر زیادہ تر اینٹی بائیوٹک ادویات کا اثر نہیں ہوتا اس لئے لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ کھانے اور پانی سے متعلق زیادہ احتیاط اختیار کریں اور ٹائیفائیڈ سے بچائو کے حفاظتی ٹیکے لگوائیں۔پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ،نے عوام کو آگا ہ کیاہے کہ حالیہ مون سون کے دنوں میں اپنے آپ کو آلودہ پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں سے بچائیں ۔ ان سے بچائو کے لئے اُبلا ہوا پانی یا منرل واٹر کا استعمال کریں۔ ہاتھوں کو اچھی طرح دھونے ، صاف پانی اور تازہ خوراک کے استعمال جیسی احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔ بازاری خوراک اور مشروبات کے استعمال سے پرہیز کریں ۔ مشروبات اور پانی میں غیر معیاری برف کا استعمال نہ کریں۔پی ایم اے نے حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ وہ ٹائیفائیڈ کو حفاظتی ٹیکوں کے پروگرام میں شامل کرے اور تمام سرکاری ہسپتالوں میں عوام کو ٹائیفائیڈ کی ویکسینیشن مفت فراہم کی جائے۔