ڈاکٹروں نے اجازت دیدی، وزیراعظم کل لندن سے وطن واپس پہنچیں گے، شہباز شریف اورخاندان کےدیگر افراد لاہور ائرپورٹ پر استقبال کریں گے
وزیراعظم محمد نواز شریف کل ہفتہ کی شام پی آئی اے کی خصوصی پرواز سے لندن سے لاہور پہنچیں گے۔ لاہور ائرپورٹ پر وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اور شریف فیملی کے لاہور میں موجود افراد اُن کا استقبال کریں گے۔ ائرپورٹ سے انہیں جاتی عمرہ رائے ونڈ لے جایا جائے گا۔ وزیراعظم محمد نواز شریف کو وطن واپس لانے کے لئے پی آئی اے کا خصوصی طیارہ لندن بھیجا گیا ہے۔ پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق وزیراعظم پاکستان کی علالت کے باعث وزیراعظم ہاﺅس کا کیمپ آفس عارضی طور پر لندن منتقل کیا گیا تھا اور اب سرجری کے بعد جب وزیراعظم محمد نواز شریف صحتیاب ہوچکے ہیں اور ڈاکٹروں نے انہیں واپسی کی اجازت دے دی ہے لہذا پورے کیمپ آفس کو واپس پاکستان منتقل کرنا ہے۔ ترجمان کے مطابق پی آئی اے کی معمول کی پروازوں میں اتنی نشستیں دستیاب نہیں تھیں۔ جس کی وجہ سے ایک علیحدہ طیارہ بھیجا گیا ہے۔ وزیراعظم نواز شریف کل ہفتہ کی صبح پاکستانی وقت کے مطابق تقریباً سات بجے روانہ ہونگے اور شام کو لاہور پہنچیں گے۔ ان کے اہلخانہ بھی طیارے میں ان کے ہمراہ سفر کریں گے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف کو وطن لانے کے لئے پی آئی اے کا بوئنگ 777 استعمال کیا جائے گا۔ معلوم ہوا ہے کہ طیارہ ٹورنٹو سے کراچی پہنچا جہاں طیارے میں خصوصی انتظامات اور تبدیلیاں کی گئیں جمعہ کی رات طیارہ وزیراعظم کو لانے کے لئے لندن روانہ ہوگا۔
مریم نواز نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ وزیراعظم کل شام کو وطن واپس آجائیں گے۔ عوام کی دعاﺅں سے وزیراعظم صحتیاب ہوئے۔ نواز شریف 22 مئی کو علاج کیلئے لندن گئے تھے جہاں انکی اوپن ہارٹ سرجری کی گئی۔ ان کے اصرار پر ڈاکٹروں نے انہیں ہوائی سفر کی اجازت دی ہے۔
نواز شریف