ڈی جی ہیلتھ آفس ’’ڈینگی مچھروں‘‘ کی آماجگاہ بن گیا
لاہو ر(ندیم بسرا) وزیراعلیٰ پنجاب کی طرف سے ڈینگی مچھر کے خاتمے کی مہم کا مذاق محکمہ صحت پنجاب اور اس کے زیر انتظام ادارے اڑانے لگے۔ کوپر روڈ پر واقع ڈی جی ہیلتھ آفس ’’ڈینگی مچھروں‘‘ کی آماجگاہ بن گیا۔ ڈی جی ہیلتھ آفس کے 12 مقامات پر ڈینگی لاروا اور مچھروں کی موجودگی پائی گئی۔ ذرائع کے مطابق ’’چراغ تلے اندھیرا‘‘ کی مشہور مثال ڈی جی ہیلتھ آفس میں مکمل طور پر پوری ہوتی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے واضح طور پر احکامات جاری کئے کہ ڈینگی کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے تمام محکمے مکمل طور پر فعال ہوجائیں۔ محکمہ صحت پنجاب کے سیکرٹری اعجاز منیر نے اپنے زیر انتظام اداروں کو اس مہم کو کامیاب کرنے کیلئے اقدامات اور احکامات تو جاری کئے ہیں مگر ڈائریکٹوریٹ آف ہیلتھ و ڈی جی آفس میں اس وقت 9 کے قریب ایسی کھٹارہ گاڑیاں کھڑی ہیں جن کے ٹائر عرصہ دراز سے پھٹے ہوئے ہیں اور ان میں ڈینگی مچھر پرورش پارہا ہے۔ دو برس قبل ڈی جی آفس کے 4 ملازمین میں ڈینگی وائرس پایا گیا تھا جس کی وجہ بھی دفتر میں ناکافی انتظامات تھے۔ ڈی جی آفس کی چھت پر کھڑے پانی کے 4 مقامات پر ٹینکیوں کے پانی باہر گرنے کی وجہ سے متعدد چھتوں پر پانی کھڑا رہتا ہے جس کے باعث ڈینگی پرورش پا رہا ہے۔ محکمہ ماحولیات، سٹی ڈسٹرکٹ گورنمٹ (ٹائون انتظامیہ) نے ڈی جی آفس میں ڈینگی مچھر اور لاروا ملنے کی 3 بار تصدیق کی۔ حال ہی میں ان محکموں کی طرف سے ڈینگی لاروا ملنے کی دوبارہ تصدیق کی گئی مگر ڈی جی آفس کے اعلیٰ حکام کی طرف سے اس رپورٹ کو دبا دیا گیا اور اپنی مرضی کی رپورٹس تیار کروالی۔ اس صورت حال کے بارے میں متعدد بار ڈی جی آفس اور اعلیٰ حکام سے رابطہ کیا گیا مگر کسی نے بھی اس موضوع پر بات نہیں کی اور کہا گیا کہ ایسی کوئی صورت حال نہیں ہے۔ ڈینگی سے متاثرہ خاندانوں نے اس صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کا نوٹس لیں۔
ڈینگی مچھر/ آماجگاہ