پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے اقدامات تیز کر دیئے: اقبال چنڑ

08 جولائی 2013

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) صوبائی وزیر کوآپریٹو ملک محمد اقبال چنڑ سے بہاولپورکے مختلف وفود نے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ حکومت نے پسماندہ علاقوں کی ترقی اور خوشحالی کیلئے اپنے اقدامات تیز کر دیئے۔ اس سلسلے میں نئے بجٹ میں جنوبی پنجاب کے اضلاع میں عوام کو ہر قسم کی سہولیات کی فراہمی کیلئے 93 ارب روپے مختص کئے گئے جو کہ ترقیاتی بجٹ کا 32 فیصد ہے اور یہ جنوبی اضلاع کی صوبے کی آبادی کے تناسب سے ایک فیصد زیادہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے سکولوں میں تمام سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے حکمت عملی مرتب کر لی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ذرائع مواصلات کیلئے 4 ارب روپے کے فنڈز رکھے ہیں جس سے دیہاتوں سے منڈیوں تک سڑکوں کا جال بچھایا جائے گا تاکہ عوام کو تازہ پھل اور سبزیاں فوری دستیاب ہو سکیں اور کسانوں کو کسی قسم کے نقصان کا سامنا نہ ہونے پائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے چھوٹے کسانوں کو شمسی توانائی اور بائیو گیس سے چلنے والے ٹیوب ویلوں کی فراہمی کیلئے 7.5 ارب روپے مختص کئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے ایک کمیشن تشکیل دیا ہے جو تمام محکموں کے حجم میں کمی بارے اپنی سفارشا ت مرتب کرے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے گڈ گورننس کی روایت کو قائم رکھنے کیلئے تمام محکموں کو ہدایات دی ہیں کہ وہ اپنے اخراجات بجٹ تخمینوں سے 15 فیصد کم کریں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر تمام محکموں میں سادگی اور کفایت شعاری کو جاری رکھا جائے گا۔