انسداد پولیو مہم، ای ڈی او ہیلتھ نے مختلف علاقوں میں ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا

08 جولائی 2013

گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی ) ڈاکٹراظہر مسعود بھٹی ، ای ڈی او ہیلتھ، گوجرانوالہ نے بتایا کہ 5 روزہ قومی انسداد پولیو مہم شروع ہو چکی ہے جو 10 جولائی تک جاری رہے گی۔ انہوں نے بتایا کہ قومی انسداد پولیو مہم کے دوران ضلع بھر میں پانچ سال سے کم عمر کے 778206 بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے کیلئے 1458 موبائل ٹیموں نے گھر گھر جا کر قطرے پلانے شروع کر دئیے ہیں، اسکے علاوہ ضلع بھر میں 155 فکسڈ سنٹر قائم کئے گئے ہیں۔ شہر کے داخلی و خارجی راستوں، ریلوے سٹیشن، بس اڈوں، ٹول پلازوں اور مارکیٹوں میں 74 ٹیمیں گھر سے باہر ، مسافر بچوں کو قطرے پلا رہی ہیں۔ بہتر مانیٹرنگ اور سپروژن کے لئے 296 ایریا انچارجز اور 193 یونین کونسل انچارجز کام کر رہے ہیں۔ڈاکٹر اظہر مسعود بھٹی، ای ڈی او ہیلتھ نے ضلع بھر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور ٹیموںاور سپروائزری سٹاف کو چیک کیا اور موقع پر ضروری ہدایات جاری کیں۔