چند مہینے میں قوم اس طرح گریگی جیسے عمران لفٹ سے گرے تھے: افراسیاب خٹک

08 جولائی 2013

نوشہرہ (ثناءنیوز) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر سنیٹر افراسیاب خٹک نے کہا ہے کہ تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں کی سمت کا پتہ نہیں کہ کس طرف جائینگے۔ چند مہینوں میں قوم اس طرح گریگی جیسے عمر ان خان لفٹ سے گرے تھے۔ نوشہرہ میں سی ایم کیمپ کا انچارج این اے 5 کا نامزد امیدوار ہے، یہ دھاندلی نہیں تو کیا ہے۔ اس سلسلے میں بہت جلد الیکشن کمیشن سے را بطہ کریں گے۔ سوشل میڈیا ہی عمران خان کو اقتدار میں لایا اب انکی خراب کارکردگی کی وجہ سے انکے خلاف ہوگیا ہے کیونکہ ان سے جو توقعات تھیں پی ٹی آئی حکومت اس پر پوری نہیں اتری۔ ضمنی الیکشن میں جمعیت علماءاسلام (ف) سے سیٹ ٹو سیٹ ایڈجسمنٹ کیلئے بات چیت چل رہی ہے۔ صوبائی حکومت ضمنی الیکشن میں دھاندلی کی تیاری کررہی ہے۔ وہ ضمنی الیکشن کی تیاری کے حوالے سے اجلاس میں خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر میاں افتخار حسین نے کہا ضمنی الیکشن میں داﺅد خان خٹک عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار ہونگے۔ انہوں نے کہا وزیراعلیٰ پرویز خان خٹک سیاسی یتیم ہیں، انکی کوئی پارٹی نہیں اسلئے وہ فارورڈ بلاک بنا رہے ہیں، انکا ارادہ اب مسلم لیگ (ن) میں جانے کا ہے۔ سرکاری ملازمین کو تبدیل کرکے اپنی مرضی کے سرکاری افسروں کی ڈیوٹیاں لگا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا عمران خان سے وہ اثر ختم ہوچکا ہے، انکی کوئی نہیں مانتا۔