گندم خریداری میں کرپشن، اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ خوراک بلوچستان سعید احمد گرفتار

08 جولائی 2013

کوئٹہ (آئی اےن پی) نیب بلوچستان کہا ہے کہ اسسٹنٹ ڈائریکٹرمحکمہ خوراک بلوچستان سعید احمد مینگل کو خریداری گندم میں کروڑوں روپے کی کرپشن اور خوردبرد کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔ اعلامیہ کے مطابق ملزم سعید احمد مینگل گندم خریداری مہم 2011ءکے دوران نصیرآباد ڈویژن میں بطور پراجیکٹ ڈائریکٹر تعینات تھے۔ ملزم مذکورہ کی زیرنگرانی سال 2011ءکے دوران ایک ارب روپے سے زیادہ مالیت کی گندم خریدی گئی جس میں سے کروڑوں روپے مالیت کی گندم کو ملزم نے اپنے دیگر ساتھی اہلکاروں کی اعانت سے خوردبرد کیا۔ نیب بلوچستان کی ٹیم نے گذشتہ روز ملزم کو اس جرم میں ملوث ہونے کی بناءپر گرفتار کرلیا جس سے قومی احتساب بیورو بلوچستان کے تجربہ کار افسران پر مشتمل ٹیم تفتیش کررہی ہے۔ ملزم کو ریمانڈ کیلئے احتساب عدالت بلوچستان میں پیش کیا گیا۔ احتساب عدالت بلوچستان نے ملزم کو 14روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب بلوچستان کے حوالے کردیا۔ مزید گرفتاریوں اور سنسنی خیز انکشافات کی توقع ہے۔