پنجاب میں 5.78 ملین ایکڑ پرکپاس کاشت‘ گنے کا زیرکاشت رقبہ 1.8 ملین ایکڑ ہو گیا

08 جولائی 2013

اسلام آباد (اے پی پی)سینٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ پنجاب کی رپورٹ کے مطابق صوبہ میں 5.78 ملین ایکڑ رقبہ پر کپاس کی فصل کاشت کی گئی جبکہ رواں سیزن کیلئے کپاس کی کاشت کا ہدف 6 ملین ایکڑ تھا۔ صوبے میں 4.89 ملین ایکڑ رقبہ پر کاشت کی گئی فصل زیادہ کپاس پیدا کرنے والے علاقوں میں کاشت کی گئی ہے۔ حالیہ سیزن میں کپاس کے زیرکاشت رقبہ میں کمی کا بنیادی سبب گنے کے زیرکاشت رقبہ میں ہونے والا اضافہ ہے ۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال صوبے میں 1.5ملین ایکڑ رقبہ پر گنے کی فصل کاشت کی گئی تھی ۔ گنے کا زیر کاشت رقبہ رواں سال بڑھ کر 1.8ملین ایکڑ ہوگیا ہے ۔ مارچ میں کاشت کی گئی کپاس پر بعض بیماریوں کا حملہ ہوا ہے جبکہ مئی میں کاشت کی جانے والی کپاس کی فصل بیماریوں سے مکمل طور پر محفوظ ہے۔ رواں سیزن کے دوران صوبے میں کپاس کی بھر پور پیداوار متوقع ہے ۔