مرسی ہی حقیقی صدر ہیں، پاکستان مصر میں بغاوت کی ہرگز حمایت نہ کرے: منور حسن

08 جولائی 2013

کراچی(ثناءنیوز)جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن نے کہا ہے کہ ہم آج بھی مرسی کو حقیقی صدر سمجھتے ہیں، پاکستان مصر میں فوجی بغاوت کی ہرگز حمایت نہ کرے، وہاں بننے والی حکومت کو مسترد کر دے، مصر کے اندر اس وقت تک امن و سکون نہیں آئے گا جب تک مرسی حکومت کو بحال نہ کر دیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حسن سکوائر ایکسپو سینٹر کے قریب جماعت اسلامی کراچی کے تحت مصر میں مرسی حکومت کے خاتمے اور فوجی بغاوت کے خلاف احتجاجی ریلی کے اختتام پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مغربی دنیا جمہورےت کا نعرہ لگاتی ہے لیکن مسلم ممالک میں جمہوریت کو پروان چڑھنے نہیں دیتی۔ مغربی دنیا کا جمہوریت کے حوالے سے دہرا معیار کھل کر سامنے آ گیا۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ اور مغرب کو یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ اگر مسلم معاشروں میں جمہورےت کی نفی کی جاتی رہی تو پھر یہاں کے عوام کے اندر جمہوریت پر سے اعتبار اٹھ جائے گا، پھر جمہورےت کی نفی میں تحریکیں اٹھیں گی اور افغانستان کی طرح کی صورتحال پیدا ہو جائے گی۔ منورحسن نے کہاکہ اسرائیلی قیادت اور یہودیوں کے اندر پائی جانے والی کھلبلی اور بے چینی کو ختم کرنے کےلئے اور فلسطین کا گھیرا تنگ کرنے کےلئے امریکی ایماءپر صدر مرسی کی جمہوری اور منتخب حکومت کا خاتمہ کیا گیا۔