خورشید شاہ نے اپوزیشن لیڈر کےلئے ملنے والے صوابدیدی فنڈز واپس کر دیئے

08 جولائی 2013

اسلام آباد (آن لائن)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کفایت شعاری اپناتے ہوئے قائد حزب اختلاف کی حیثیت سے ملنے والے صوابدیدی فنڈز حکومت کو شکریہ کے ساتھ واپس کر دیئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ماضی میں بھی جتنے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف منتخب ہوئے ہیں سب کو صوابدیدی فنڈز ملے تھے جن میں پیپلز پارٹی کے دور میں قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی خان نے بھی حکومت کو پیسے واپس کر دیئے تھے ۔اب سید خورشید احمد شاہ نے بھی کفایت شعاری کو اپناتے ہوئے پیسے حکومت کو واپس کر دیئے ہیں ۔جب آن لائن نے اس ضمن میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ سے پوچھا تو انہوں نے بتایا کہ میں نے حکومت کی جانب سے اخراجات کی مد میں ملنے والی رقم واپس کر دی ہے ،میرے پاس اللہ تعالیٰ کا دیا بہت کچھ ہے،یہاں پر مہمان داری چلتی رہتی ہے اور کوشش کرتا ہوں کہ کھانے کا وقت ہے تو کوئی بھی بھوکا نہ جائے اسے کھانا کھلانے کی پوری کوشش کرتا ہوں ۔