تونسہ: مسافر وین چشمہ رائٹ کینال میں جا گری‘ 11 افراد جاں بحق‘ 4 زخمی

08 جولائی 2013

ڈیرہ غازی خان (آن لائن + نوائے وقت نیوز) ڈیرہ غازی خان کی تحصیل تونسہ میں ٹریفک کے المناک حادثے میں مسافروں سے بھری پک اپ وین چشمہ رائٹ کینال میں گرگئی جس سے 11 افراد جاں بحق‘4 زخمی ہوگئے جبکہ 2 افراد لاپتہ ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق اتوار کی علی الصبح ڈی جی خان کے علاقے تونسہ میں ایک مسافر پک اپ چشمہ رائٹ بینک کینال کا پل عبور کرتے ہوئے تیز رفتار کے باعث بے قابو ہوگئی اور پل کے کنارے لگے حفاظتی جنگلے سے ٹکرانے کے بعد نہر میں جاگری جس سے اس میں سوار 11 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے۔ حادثے میں 2 افراد لاپتہ بھی ہوگئے جن کی تلاش جاری ہے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق 6 افراد کو زندہ بچالیا گیا ہے۔ حادثے کے وقت مسافر وین میں 22 افراد سوار تھے اور گنجائش نہ ہونے کے باعث لوگوں کو گاڑی کی چھت پر بھی بٹھایا گیا تھا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ اوورلوڈنگ کے باعث پیش آیا۔ زخمیوں کو تحصیل ہسپتال تونسہ منتقل کردیا گیا جبکہ امدادی ٹیموں اور رضاکاروں نے لاپتہ ہونے والے2 افراد کی تلاش کا کام شروع کردیا ہے۔ ادھر ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں سے 5 کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے تاہم فوری طور پر اس کی تصدیق نہیں ہوسکی اور نہ ہی حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے نام معلوم ہوسکے ہیں۔ واقعہ کے بعد ضلعی انتظامیہ کے حکام موقع پر پہنچ گئے۔