سزائے موت کا قانون تبدیل نہیں ہونے دینگے: سیاسی، مذہبی جماعتیں

08 جولائی 2013

لاہور (خصوصی نامہ نگار) مذہبی سیاسی جماعتوں نے سزائے موت کے قانون کے خاتمہ کے لئے کسی بھی سطح پر کوشش کو پوری طاقت سے ناکام بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ بعض جماعتیں اور مغربی امداد پر چلنے والی نام نہاد این جی اور سزائے موت کی مخالفت کرکے مغرب کو خوش کرنا چاہتی ہیں، موجودہ افراتفری کا تقاضا ہے کہ مجرموں کے خلاف اسلامی قوانین کے مطابق سزائے موت سمیت تمام سزاﺅں کو یقینی بنایا جائے۔ اس سے ملک میں قیام امن میں مدد ملے گی۔ پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم مسلسل سزائے موت کے خلاف سرگرم عمل ہے جبکہ مذہبی جماعتیں جے یو آئی، جماعت اسلامی ، جے یو پی، مرکزی جمعیت اہلحدیث سزائے موت کے قانون میں ترمیم کی سخت مخالفت کی ہے اور انکا کہنا ہے کہ سزائے موت کا قانون ختم کرنے سے ملک میں قانون کو ہاتھ میں لینے اور قتل وغارت میں مزید اضافہ ہو گا۔ اگر حکومت نے ترمیم کی کوشش کی تو اس کے خلاف سخت احتجاج کیا جائیگا۔