نواز شریف اے پی سی میں طالبان سے مذاکرات کو سرفہرست رکھیں: سمیع الحق

08 جولائی 2013

لاہور (آئی این پی) جمعیت علماءاسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کو آل پارٹیز کانفرنس میں طالبان سے مذاکرات کے ایجنڈے کو سرفہرست رکھنا چاہئے۔ طالبان سے مذاکرات کی مخالفت کرنےوالی قوتیں پاکستان کی خیرخواہ نہیں ہوسکتیں۔ امریکہ پاکستان کو زخمی کرکے زندہ رکھنا چاہتا ہے۔ وقت آچکا ہے ہم امریکہ کی ڈکٹیشن لینے کی بجائے ملکی اور قومی مفادات کو سامنے رکھ کر فیصلے کریں۔ اتوار کے روز مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولانا عاصم مخدوم سے ٹیلیفونک گفتگو میں انہوں نے کہا دہشت گردی پاکستان کی جڑوں کو کھوکھلا کر رہی ہے اور اب اس بات میں کوئی شک نہیں رہا کہ ملک میں قیام امن کیلئے طالبان سے مذاکرات ناگزیر ہو چکے ہیں اور ان مذاکرات میں جتنی تاخیر کی جائیگی ملک میں اتنے ہی مسائل بڑھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ پہلے پاکستان کا دوست تھا، اب ہے اور نہ ہی آئندہ ہوسکتا ہے‘ وہ ہمیشہ حکمرانوں کو استعمال کرکے ٹشو پیپر کی طرح پھینک دیتا ہے۔