بھارت اور امریکہ پاکستان کیخلاف بڑی سازش کر رہے ہیں: حافظ سعید

08 جولائی 2013
بھارت اور امریکہ پاکستان کیخلاف بڑی سازش کر رہے ہیں: حافظ سعید

لاہور(خصوصی نامہ نگار)امیر جماعةالدعوة پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ بلوچستان، خیبر پی کے اور سندھ کے بعد پنجاب تک دہشت گردی کا دائرہ وسیع کیا جا رہا ہے۔ امریکہ اور اسکے اتحادی افغانستان میں اپنی شکست کا ملبہ ڈال کر پاکستان سے انتقام لینے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم نوازشریف کا دورہ چین اور اس سے ہونیوالے معاہدے خوش آئند ہیں۔ چین کے ساتھ ساتھ اسلامی ممالک کے ساتھ تعلقات مزید مستحکم کئے جائیں۔بھارت کی طرف سے ہمارے دریاﺅں پر ڈیموں کی تعمیر سے پاکستان انرجی بحران کا شکار ہوا۔ پاکستان کو بھارتی منڈی بنانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ وہ مرکز القادسیہ میں سینئر صحافیوں اور کالم نگاروں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر فلاح انسانیت فاﺅنڈیشن پاکستان کے چیئرمین حافظ عبدالرﺅف کی جانب سے شرکاءکو بلوچستان، سندھ، خیبر پی کے اور کشمیر سمیت پورے ملک میں جاری امدادی سرگرمیوں کے بارے میں ملٹی میڈیا بریفنگ دی گئی۔ تقریب سے مجیب الرحمن شامی، الطاف حسن قریشی، عطاءالرحمن، جمیل اطہر، حفیظ اللہ نیازی، سمیع ابراہیم، مکرم خاں و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ حافظ سعید نے کہاکہ دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ اور تخریب کاری ملک کیلئے ناسور بنے ہوئے ہیں۔ ملک کو فرقہ واریت کی آگ میں دھکیلا جا رہا ہے۔ بھارت اور امریکہ ملکر پاکستان کیخلاف گہری سازشیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اگر ہم ان حالات میں بھی بھارت سے دوستی اور بجلی و گیس کے معاہدوں کے راگ الاپتے رہیں گے تو اس سے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو نقصان پہنچے گا۔ حافظ سعید نے کہا کہ پاکستان میں چینی سیاحوں کو نشانہ بنانا چین جیسے دوست ملک سے تعلقات خراب کرنے کی بہت بڑی سازش ہے۔ بھارت پاکستان کو کسی صورت مضبوط ہوتا نہیں دیکھنا چاہتا۔ یکطرفہ دوستی اور تجارتی معاہدے کسی صورت پاکستان کے مفاد میں نہیں۔ چین اور مسلم ممالک کو ساتھ ملا کر دفاعی و معاشی پالیسیاں ترتیب دی جائیں۔ اگر یورپی یونین بن سکتی ہے اور ڈالر ویور و کا سکہ چل سکتا ہے تو پھر اسلامی یونین بھی بن سکتی ہے اور اسلامی سکہ بھی چل سکتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ ڈرون حملے ملکی سلامتی و خودمختاری پر حملہ ہیں۔