فوڈ سٹریٹ میں دھماکہ پنجاب میں سرمایہ کاری رکوانے کی کوشش ہے: اسلم گھمن
لاہور (خبر نگار) دفاعی تجزیہ کار بریگیڈئر (ر) اسلم گھمن نے کہا ہے کہ فوڈ سٹریٹ انارکلی میں بم دھماکہ بیرونی دنیا کو پیغام دینے کیلئے تھا کہ پنجاب سرمایہ کاروں کیلئے محفوظ جگہ نہیں۔ اس دھماکے کے پیچھے اندرونی اور غیرملکی ہاتھ ملوث ہیں۔ دھماکہ میاں نواز شریف اور شہباز شریف کے کامیاب دورہ چین کی وجہ سے کیا گیا ہے۔ نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے اسلم گھمن نے کہا کہ دشمنوں کا مقصد پنجاب کے غیرمحفوظ ہونے کا پیغام دینا تھا کیونکہ سرمایہ کاری رکے گی تو ملک کو نقصان ہو گا۔ ملک میں امن و امان قائم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ فاٹا میں تو سرحد پار سے دہشت گرد آجاتے ہیں مگر لاہور یا ملک کے دیگر حصوں تک انکا آسانی سے پہنچنا لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے کہا بدقسمتی یہ ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات پر کسی ذمہ دار کو سزا نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا بدقسمتی یہ ہے کہ ہم دہشت گردی میں ملوث قوتوں سے دوستی کی پینگیں بڑھا رہے ہیں۔