کوئٹہ: نیٹو کنٹینرز پر فائرنگ، آگ لگا دی، دستی بم حملہ میں 2خواتین زخمی
کوئٹہ (بیورو رپورٹ) ڈھاڈر میں نامعلوم افراد نے نیٹو فورسز کو سامان فراہم کرنے والے 2کنٹینرز پر فائرنگ کرنے کے بعد آگ لگا دی۔ پولیس کے مطابق اتوار کو ڈھاڈر کے علاقے میں نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے افغانستان میں موجود نیٹو فورسز کوسامان فراہم کرکے واپس کراچی جانے والے ٹرالر پر فائرنگ کی، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ علاوہ ازیں چمن میں پولیس نے 14مشکوک افغان باشندوں کو گرفتار کرلیا۔ علاوہ ازیں وڈھ میں نامعلوم افراد کی افغانستان میں موجود اتحادی فوج کے لئے تیل لے جانے والے ٹینکر پر فائرنگ کے نتیجے میں ٹینکر سے لاکھوں لٹر تیل بہہ گیا۔ ادھر کوئٹہ میں نامعلوم افراد کا گھر پر دستی بم حملے کے نتیجے میں دو خواتین زخمی ہو گئیں۔ سعید احمد خان روڈ پر وحدت شاہ کے گھر پر نامعلوم افراد نے دستی بم پھینکا۔ علاوہ ازیں ادھر خیبر ایجنسی میں جمرود باساربائی روڈ پر نصب بم زوردار دھماکے سے پھٹ گیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ خاصہ دار ذرائع کے مطابق بم نیٹو کنٹینر کو نشانہ بنانے کے لئے نصب کیا گیا تھا۔ خاصہ دار فورس نے 7مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا۔ علاوہ ازیں چمن سے اغوا ہونے والا دس سالہ نوجوان حکمت اللہ کوئٹہ سے بازیاب ہو گیا۔