ڈرون حملوں کا بدلہ لینے کیلئے طالبان کا نیا گروپ انصار المجاہدین آگیا
پشاور (آئی این پی) ڈرون حملوں کا بدلہ لینے کے لیے شمالی وزیرستان میں سرگرم عمل طالبان کا ایک نیا گروپ انصار المجاہدین منظر عام پر آ گیا، انصارالمجاہدین نے بویہ چیک پوسٹ پر حملہ کی ذمہ داری قبو ل کر تے ہوئے کہا وہ ڈرون حملو ں کے بدلے امریکہ اور اس کے دوستوں پر زمین تنگ کر دینگے، کسی نامعلوم مقام سے میڈیا کو جاری کیے گئے بیان میں نئے گروپ کے ترجمان ابو بصیر نے کہا شمالی اور جنو بی وزیرستان میں ڈرو ن حملوں کے خلاف ہماری تنظیم وجود میں آئی ہے۔ انہوں نے کہا ڈرون حملوں پر مزید خاموش رہنا بے غیرتی کے زمرے میں آتا ہے، اس لیے سینکڑوں فدائین کو لے کر ڈرون حملوں کا بدلہ لینے کے لیے انصارالمجاہدین میدان میں آئے ہیں۔ ترجمان نے کہا امریکہ اور اس کے دوستوں کو معلوم ہونا چاہئے ڈرون حملوں کے خلاف ہمارے پاس خودکش حملوں کے فدائین کی تعداد ناقابل یقین حد تک بڑھ چکی ہے، ہمارے یہی فدائین امریکہ اور اس کے دوستوں پر روئے زمین تنگ کر دینگے اور دنیا جلد ہماری قوت تسلیم کر لے گی۔ ترجمان نے کہا ہم غیرجانبدار صحافت کرنے والوں کی قدر کرتے ہیں لیکن چند ڈالروں کے عوض ڈرون حملوں کی حمایت کرنے والے صحافیوں کو خبردار کر تے ہیں وہ اپنا قلم امریکیوں کے نہیں بلکہ مظلوم مسلمانوں کے حق میں استعمال کریں، اپنی زندگی داﺅ پر لگا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا بویا، ایشاءاور ڈم ڈیل چیک پوسٹ پر حملے ابتدا ہیں، ڈرون حملوں کا بدلہ لینے کے لیے ہم بڑے بڑے حملے کرکے دنیا خصوصاً امریکیوں کو حیران کر دیں گے۔